تیل پیدا کرنے والے بڑے ملکوں کے درمیان منڈی میں استحکام پیدا کرنے کے لیے تیل کی پیداواری سطح منجمد کرنے پر اتفاق رائے میں ناکامی کے بعد پیر کو تیل کی قیمتوں کمی ہوئی ہے۔
پیر کو برینٹ خام تیل اور امریکی خام تیل کی قیمتوں میں پانچ فیصد کمی ہوئی۔
اتوار کو تیل پیدا کرنے والے ملکوں کی تنظیم ’اوپیک‘ اور دیگر ممالک کے 18 وزرا نے قطر میں ایک اجلاس کے بعد کہا کہ انہیں پیداوار جنوری کی سطح پر منجمد کرنے کے لیے زیادہ وقت درکار ہے۔
2014 میں تیل کی قیمت فی بیرل 100 ڈالر سے زائد تھی جو
اس وقت گر کر 40 ڈالر فی بیرل رہ گئی ہے۔
کم قیمت کے باعث تیل برآمد کرنے والے ممالک کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ہے اور اس شعبے پر انحصار کرنے والی کمزور معیشتیں متاثر ہوئی ہیں۔
پیداواری سطح منجمد کرنے کا مخالف ایران ان مذاکرات میں شریک نہیں تھا۔ جوہری معاہدے کے نتیجے میں ایران پر عائد عالمی پابندیاں ختم ہونے کے بعد دنیا ایران سے تیل کی تجارت کر سکتی ہے جس کی ایران کو سخت ضرورت ہے۔
سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ایران پیداواری سطح منجمد کرنے کی مخالفت کرے گا تو وہ بھی اس کی حمایت نہیں کر سکتا۔